اسلام آباد: بحرین سے پاکستان آنے والا غیر ملکی طیارہ پائلٹ کی حاضر دماغی کے باعث خوفناک حادثے سے بال بال بچ گیا جبکہ واقعے کو مبینہ طور پر خاتون ائیر ٹریفک کنٹرولر کی غفلت اور لاپرواہی کا نتیجہ قرار دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے خاتون ائیر ٹریفک کنٹرولر کو معطل کردیا ہے، واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ غیر ملکی ائیر لائن کی پاکستان آمد کے دوران ائیر ٹریفک کنٹرولر درست ہدایات دینے میں ناکام رہیں۔
سی ٹی ڈی کوہاٹ سے مقابلے کے دوران ٹی ٹی پی کے 4دہشت گرد ہلاک
بلوچستان، پنجگور میں دھماکے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے، 3زخمی
سول ایوی ایشن کے باوثوق ذرائع کے مطابق خاتون ائیر ٹریفک کنٹرولر کی غلط رہنمائی کے باعث غیر ملکی طیارہ 8 ہزار کی بجائے 5 ہزار فٹ کی بلندی پر پہنچ گیا جس کے فوراً بعد گراؤنڈ پراکسیمیٹی وارننگ سسٹم جاری ہونے پر پائلٹ نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کیا۔
جی پی وارننگ سسٹم کی جانب سے پہاڑی علاقے کی نشاندہی کی گئی۔غیر ملکی طیارے کا پائلٹ کمال مہارت سے طیارے کو واپس اوپر کی جانب لے گیا جس کے نتیجے میں طیارہ کسی بھی ممکنہ خوفناک حادثے سے بال بال بچ گیا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے واقعے کا سخت نوٹس لیا۔
ڈی جی، سی اے اے نے خاتون ائیر ٹریفک کنٹرولر کو معطل کرتے ہوئے واقعے کی صاف و شفاف انکوائری کا حکم جاری کردیا۔ ترجمان سی اے اے سیف اللہ خان کا کہنا ہے کہ پائلٹ نے موسم کی خرابی کے باعث طیارہ نیچے لانے کی اجازت طلب کی تھی۔
ترجمان سی اے اے کے مطابق خاتون ائیر ٹریفک کنٹرولر نے پائلٹ کو نیچے آنے کی اجازت نہیں دی۔ کپتان نے دوبارہ رابطہ کیا اور بتایا کہ موسم بہت خراب ہے، مجھے بلندی سے نیچے آنے کی اجازت دے دیں۔ کپتان کے اصرار پر اجازت دے دی گئی۔
سیف اللہ خان کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جو ائیر انوسٹی گیشن بورڈ کر رہا ہے۔ خاتون ائیر ٹریفک کنٹرولر کو اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران مبینہ غفلت اور لاپرواہی برتنے کے الزامات کے تحت معطل کردیا گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








