اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے لیٹر گیٹ اسکینڈل کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے اعلیٰ اختیاراتی کمیشن کی تشکیل کیلئے درخواست کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
باخبر ذرائع کے مطابق عمران خان نے یہ فیصلہ اپنی قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد کیا ہے،’عمران خان کے وکیل تحریری جواب سپریم کورٹ میں جمع کرائیں گے۔
اس سے قبل سپریم کورٹ میں وزیر اعظم کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد روک کر دھمکی آمیز کی خط پر تحقیقات کرنے کی استدعا کرنے کیلئے درخواست دائر کی گئی تھی۔
درخواست گزار نے عدالتِ عظمیٰ سے درخواست کی ہے کہ عدالتی کمیشن قائم کرکے میمو گیٹ کی طرز پر لیٹر گیٹ اسکینڈل کی بھی تحقیقات کرائی جائیں۔
سپریم کورٹ میں درخواست اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے توسط سے نعیم الحسین ایڈووکیٹ نے دائر کی جس میں کہا گیا ہے کہ درخواست آئین کی دفعہ 184 (3) کے تحت دائر کی جارہی ہے۔
درخواست گزار نعیم الحسین ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ 3 ججز پر مشتمل تحقیقاتی کمیشن بنایاجائے۔ ان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کیخلاف عدم اعتماد عالمی سازش ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کے خلاف دائر کی گئی درخواست میں نعیم الحسین ایڈووکیٹ نے تحریک کی کارروائی روکنے کی بھی استدعا کی۔