وزیراعظم عمران خان نے تہران میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سے ملاقات کی جس میں انہوں نے کشمیری عوام کی حمایت کے لیے ایران کے سپریم لیڈر کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم عمران خان اور آیت اللہ خامنہ ای کے درمیان ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس ملاقات میں ایرانی صدر حسن روحانی بھی موجود تھے۔
وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز ذوالفقار عباس بخاری بھی موجود تھے۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کشمیری عوام کی حمایت کے لئے ایران کے سپریم لیڈر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم امہ کو بے شمار چیلنجز درپیش ہیں اور ان چیلنجز کا حل ضروری ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ امت مسلمہ میں اتحاد و یگانگت انتہائی اہم ہے
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وہ امت مسلمہ کو متحد دیکھنا چاہتے ہیں ، عمران خان نے ایرانی سپریم لیڈر کو اپنی کوششوں سے آگاہ کرتے ہوئےکہا کہ سعودی عرب اور ایران میں کشیدگی ختم کرانے کے مشن پر گامزن ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کے لیے متحرک ہیں۔
وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر ایران پہنچے تھے جہاں انہوں نے صدر حسن روحانی اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کیں، وزیراعظم عمران خان نے ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی تھی۔