اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور امریکا کے نمائندۂ خصوصی برائے افغان امن عمل زلمے خلیل زاد کے مابین ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان سے زلمے خلیل زاد نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ملاقات کی اور افغان امن عمل کے حوالے سے تبادلۂ خیال کیا۔
اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ افغانستان میں امن قائم ہو۔ ہم نے ہمسایہ اور برادر اسلامی ملک افغانستان کو پر امن اور مستحکم دیکھنے کیلئے مؤثر اقدامات اٹھائے۔
گفتگو کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ افغان امن عمل میں مذاکرات پر پیش رفت کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ امن عمل معاہدے پر جلد دستخط کی امید کرتے ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان مفاہمتی عمل میں سہولت کار کا کردار ادا کر رہا ہے، اگر افغانستان میں امن ہوگا تو اس کا فائدہ پاکستان کو ہوگا۔ امن عمل کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل افغان امن عمل کے لیے امریکا کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے وزیر خارجہ سے ملاقات کی جس میں افغان امن عمل سمیت خطے میں امن کی مجموعی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
امریکا کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے گزشتہ برس 13 دسمبر کو وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جہاں افغان امن عمل سمیت خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
مزید پڑھیں: زلمےخلیل زاد کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








