اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے ۔ دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ کیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیر اعظم نے 16-17 ستمبر 2021 کو دوشنبے کے حالیہ دورے کے موقع پر تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون کی موجودہ سطح پر اطمینان کا اظہار کیا اور قریبی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ کوششوں کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے تاجک صدر کو افغانستان میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے پاکستانی کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اس تناظر میں قومی مفاہمت کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیر اعظم نے افغان عوام کی روزمرہ کی اشیاء ضروریات کو پورا کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افغانستان میں پائیدار امن و استحکام کے عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
وزیر اعظم عمران نے افغانستان کی معاشی مشکلات کو ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری جنگ زدہ ملک کو افراتفری سے بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
دونوں رہنماؤں نے افغانستان میں امن اور استحکام کے لیے اپنی اپنی کوششوں کو مزید مربوط بنانے کے لیے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
یہ بھی پڑھیں : شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر حملہ، 5 جوان شہید
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








