اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کے مختلف شہروں میں سیلاب کے خدشے کے پیشِ نظر این ڈی ایم اے سمیت متعلقہ اداروں کو ضروری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بہاولپور، لودھراں اور ملحقہ علاقوں میں موسلا دھار بارش اور سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے این ڈی ایم اے اور متعلقہ اداروں کو ضروری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خطرے سے دوچار تمام علاقوں میں عوام کی حفاظت کی جائے۔
سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کی آمد کی صورت میں شہریوں کیلئے حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں اور اگر انتہائی صورتحال میں ضروری ہو تو شہریوں کا رہائشی علاقوں سے محفوظ مقامات کی جانب انخلاء یقینی بنایاجائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سیلابی خطرے سے دوچار علاقوں میں فوری ریسکیو کیلئے ضروری سامان کی ترسیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ خیال رہے کہ محکمہ موسمیات نے پنجاب سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے تاہم آزاد کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا، شمال مشرقی اور جنوبی پنجاب کے علاوہ خطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








