اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان اور مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس کے دوران کمسن بچوں کو عمر بھر کیلئے معذور کردینے والی خطرناک بیماری پولیو کے خاتمے پر گفتگو ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے بل گیٹس کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ وزیر اعظم نے مائیکرو سافٹ کے بانی کو پاکستان میں پولیو کے خاتمے کیلئے کی جانے والی کاوشوں سے آگاہ کیا اور خطرناک بیماری سے نجات کیلئے بل اینڈ ملنڈا گیٹس کے تعاون کو سراہا۔
مائیکروسافٹ کے بانی سے ٹیلیفونک رابطے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں پولیو کیسز میں نمایاں کمی آئی ہے تاہم اس بیماری سے نمٹنے کیلئے کوششیں ابھی جاری ہیں۔ وفاقی حکومت ملک بھر میں پولیو کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے۔
ٹیلیفونک رابطے کے دوران بل گیٹس نے پولیو کے خلاف کاوشوں پر وزیر اعظم عمران خان اور وفاقی حکومت کی تعریف کی اور پولیو کے خاتمے کیلئے بل اینڈ ملنڈا گیٹس کا پروگرام اور تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہم بچوں کو پولیو سے محفوظ کرنا چاہتے ہیں۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس سے متاثرہ غریب، پسماندہ اور ترقی پذیر ممالک کو دئیے گئے قرضوں کی ادائیگی میں آسانی، سہولت اور ویکسین کی مساوات کی بنیاد پر تقسیم کا مطالبہ کیا۔
یو این سی ٹی اے ڈی کے 15ویں اجلاس کے چوتھے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ وبائی امراض کے تباہ کن اثرات سے عالمی معیشت بری طرح متاثر ہوئی اور ترقی پذیر ممالک کی معیشت سکڑ کر رہ گئی۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم کا کورونا کے خاتمے تک قرضوں میں سہولت کا مطالبہ
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








