وزیر اعظم کی صدر آصف زرداری سے ملاقات، بھارت کیخلاف آپریشن پر بریفنگ

تازہ ترین

تازہ ترین

PM Shehbaz meets President Zardari briefs him on reply to India
ONLINE / FILE PHOTO

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے ہفتے کے روز ایوان صدر میں صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور انہیں بھارت کے خلاف شروع کیے گئے فوجی آپریشن “بنیان المرصوص” کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔

صدر آصف زرداری نے پاکستان کی مسلح افواج کی بہادری اور بھارتی جارحیت کے جواب میں دی گئی موثر اور بھرپور کارروائی کو سراہا۔

صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان نے ایک ذمہ دار قوم کی حیثیت سے بھارتی جارحیت پر صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا لیکن اپنی خودمختاری کے تحفظ اور عوام کے دفاع کے لیے فیصلہ کن جواب دیا ہے۔

صدر کا کہنا تھا کہ قوم متحد ہے اور افواجِ پاکستان کی مکمل حمایت کر رہی ہے۔ “پاکستان اپنی قومی خودمختاری اور علاقائی یکجہتی کے تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔”

اس اہم ملاقات میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ بھی شریک تھے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے آپریشن “بنیان المرصوص” پر حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے موجودہ کشیدہ صورتحال میں وزیر اعظم کی قیادت کو سراہا اور مسلح افواج کو ان کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور جرات پر خراج تحسین پیش کیا۔

بلاول بھٹو نے کہا: “قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور قومی یکجہتی کے تحفظ کے لیے ان کی پشت پر ہے۔”

وزیر اعظم شہباز شریف نے اس موقع پر دیگر اہم رہنماؤں سے بھی ٹیلی فونک رابطے کیے، جن میں گوہر علی، مولانا فضل الرحمان، خالد مقبول صدیقی، حافظ نعیم الرحمان، خالد مگسی اور چوہدری سالک حسین شامل تھے۔

Related Posts