اسلام آباد :وزیراعظم محمد شہبازشریف نے یوم آزادی جوش و خروش سے منانے اورمادر وطن کو قائد کا پاکستان بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاہے کہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد دن رات محنت کر کے پاکستان کو عظیم تر بنائیں گے،قومی استحکام اورملک کے لئے ہر چیز کی قربانی دیں گے۔
انشا اللہ یہ ملک ضرور قائد اعظم کا پاکستان بنے گا، صنعت ،زراعت ، تجارت اور دیگر شعبوں کو فعال اور موثر بنانے کے لئے پیداواری اخراجات میں کمی ناگزیر ہے،بجلی اور توانائی کے شعبے میں اقدامات اور کوششوں کے نتیجے میں قوم کو فائدہ پہنچے گا، ارشد ندیم کی شاندار کامیابی سے جشن آزادی کی خوشیاں دوبالا ہو گئی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج یوم آزادی پرہم سب اس بات کا عہد کریں کہ پاکستان کی تعمیر و خدمت کے لئے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد دن رات محنت کر کے اور ماضی میں ضائع ہونے والے وقت سے سبق حاصل کرتے ہوئے اس ملک کی تعمیر کر کے اسے عظیم تر بنائیں گے۔
یہ تب ممکن ہے جب ہم شبانہ روز محنت کریں اور ایثار و قربانی کو اپنا شعاربنائیں۔انشا اللہ یہ ملک ضرور قائد اعظم کا پاکستان بنے گا۔
وزیراعظم نے کہاکہ بجلی کے شعبے میں کافی محنت اور کوشش ہوئی ہے۔ اس میں وزیر پاور ، نائب وزیراعظم، وزارت خزانہ ، وزارت تجارت اور وزارت منصوبہ بندی سمیت دیگر وزارتوں کی کاوشیں شامل ہیں، انشا اللہ جو محنت ہوئی ہے اس سے قوم کو فائدہ پہنچے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں ایک بات یاد رکھنی چاہیے کہ صنعت ،زراعت ، تجارت اور دیگر شعبوں کو فعال اور موثر بنانا ہے تو پیداواری اخراجات میں کمی لانا ہوگی،پیداواری اخراجات میں کمی کے بغیر برآمدات کو بڑھانے اور اسے مسابقتی بنانا ممکن نہیں ہے، اس میں بجلی کی قیمت کا اہم کردار ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایف بی آر ہماری ترجیحات کا اہم حصہ ہے ، ایف بی آر کے احیائے نو اور محصولات میں بہتری کے بغیر مالی گنجائش ملے گی نہ ہی قوم آگے ترقی کر سکتی ہے بجلی اور توانائی اور ایف بی آر ہمارے لئے اہم ترجیحی شعبے ہیں اور انشا اللہ بطور ٹیم ورک کام کرتے ہوئے ہمیں کامیابی ملے گی۔ وزیراعظم نے کابینہ کے اراکین کومعمول کی تاخیر کو ختم کرنے اور فائل ورک کو فعال بنانے کی ہدایت کی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








