وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان بات چیت کو آگے بڑھانے کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا اور خطے میں مستقل امن و استحکام کے قیام کیلئے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے جدہ میں سعودی ولی عہد سے طویل ملاقات کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا کہ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی کے مختلف معاملات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایکس پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مضبوط اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا، جبکہ مشکل حالات میں سعودی قیادت کی دانشمندانہ حکمت عملی، بردباری اور صبر و تحمل بھی قابل تعریف ہیں۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی ولی عہد سے ملاقات میں سعودی ولی عہد کو پاکستان کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کی کوششوں اور اسلام آباد میں ہونے والے اہم امن مذاکرات کے حوالے سے ہونے والی حالیہ پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان دیرپا امن معاہدے کے حصول کیلئے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا تاکہ خطے میں پائیدار استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیراعظم نے پاکستان کی امن کوششوں کی حمایت پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کی ملاقات سے متعلق مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا۔وزیراعظم آفس کا کہنا ہے کہ جدہ میں ہونے والی یہ ملاقات تقریباً 2 گھنٹون تک جاری رہی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








