اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف امیر قطر کی دعوت پر دوحہ میں اقوام متحدہ کی کانفرنس میں شرکت کیلئے اتوار کو قطر روانہ ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق امیر قطر کی دعوت پر وزیراعظم محمد شہباز شریف 5 سے 6 مارچ کو دوحہ جائیں گے جہاں وہ اقوام متحدہ کے زیراہتمام کم ترقی یافتہ ممالک کی پانچویں کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
5 سے 9 مارچ تک منعقد ہونے والی اس کانفرنس کے دوران کم ترقی یافتہ ممالک میں پائیدار ترقی کو تیز کرنے کے اقدامات پر غور کیا جائے گا جن سے انہیں خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں مدد ملے گی۔
بیان میں کہا گیا کہ دوحہ میں کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم شریک رہنماؤں اور وفود کے سربراہان سے دو طرفہ ملاقاتیں اور بات چیت کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق کانفرنس میں قائدین کم ترقی یافتہ ممالک کے حق میں اضافی عالمی امدادی اقدامات اور کارروائی کو تیز کریں گے اور کم ترقی یافتہ ممالک اور ان کے ترقیاتی شراکت داروں کے درمیان ایک نئی شراکت داری پر اتفاق کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بیان میں کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے اجتماعی آواز کو بلند کرنے میں اقوام متحدہ کے پلیٹ فارمز پر قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ 2022 کے دوران پاکستان نے بطور سربراہ گروپ 77 اور چین کی حیثیت سے قطر کی کوششوں کی بھرپور حمایت کی تاکہ دوحہ پروگرام آف ایکشن فار دی لیسٹ ڈویلپڈ کنٹریز کو اتفاق رائے اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی توثیق کے ساتھ اپنایا جائے۔
مزید پڑھیں:حکومت نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد کو چیئرمین نیب تعینات کردیا
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ’کانفرنس میں وزیر اعظم کی شرکت سماجی ترقی اور معاشی خوشحالی کی جستجو میں کم ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ پاکستان کی حمایت اور یکجہتی کی نشاندہی کریگی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








