اسلام آباد: وزیراعظم میاں شہباز شریف اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ کل 3 روزہ دورے پر ترکی کیلئے روانہ ہونگے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ دورہ پاکستان کے روایتی قابل اعتماد دوستوں اور برادر ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کی تجدید کے سلسلے کا حصہ ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس دورے سے نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہتر ہونگے بلکہ یہ دورہ سرمایہ کاری، تجارت، صحت، تعلیم، ثقافت اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے بھی اہم ہوگا۔
اُن کا کہنا تھا کہ اس دورے کے دوران پاک ترک بزنسل کونسل ترک سرمایہ کاروں اور تاجروں سے ملاقاتیں کریگی، اپنے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف مصطفیٰ کمال اتاترک کے مزار پر بھی حاضری دینگے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف ترک صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر ترکی کا دورہ کریں گے۔
علاوہ ازیں ترکی کے دورے سے متعلق وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس بلایا ہے جو کہ کچھ دیر کے بعد ہوگا۔ اجلاس میں وزارت خارجہ، کامرس، انڈسٹریز اور بورڈ آف انویسٹمنٹ کے حکام شریک ہوں گے۔