اسلام آباد: قومی اسمبلی نے جمعرات کو وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت پر ”مکمل” اعتماد کا اظہار کیا کیونکہ حکومت سپریم کورٹ کے ساتھ انتخابات کے حوالے سے تنازعہ کا شکار ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے قرارداد پیش کی جب کہ 180 اراکین قومی اسمبلی نے وزیر اعظم شہباز شریف پر اعتماد کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس سے قبل اتحادی جماعتوں کے ظہرانے میں مشاورت کی جس کے بعد وزیر اعظم نے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کیا۔
وزیراعظم نے اتحادی ارکان اسمبلی سے مشاورت کی تو اتحادیوں نے انہیں اعتماد کا ووٹ لینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں آپ پر پورا اعتماد ہے آپ کبھی بھی ایوان سے اعتماد کا ووٹ لے سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں:الیکشن سے متعلق کیس، عدالت مذاکرات پر مجبور نہیں کرسکتی۔ سپریم کورٹ
وزیر اعظم شہبازشریف نے ظہرانے کے دوران ارکان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ سپریم ہے اسکا فیصلہ قبول کرنا ہوگا، کوئی کچھ بھی کر لے پارلیمنٹ کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،حکومت ہر معاملے پر پارلیمنٹ کے فیصلوں پر عمل یقینی بنائے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








