لاہور: وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک کی سیاسی صورتحال پر گفتگو کیلئے اجلاس طلب کر لیا جس کے دوران نگراں وزیر اعلیٰ کے تقرر سمیت اہم سیاسی و معاشی امور پر گفتگو ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف لاہور میں اہم اجلاس کی صدارت کریں گے۔ گزشتہ 8روز سے لاہور میں مقیم وزیر اعظم شہباز شریف پنجاب میں بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال کا بغور مشاہدہ کر رہے ہیں۔
نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب ، عمران خان اور نواز شریف آمنے سامنے
وزیر اعظم کی زیر صدارت سیاسی صورتحال پر طلب کیے گئے اجلاس کے دوران پنجاب میں امیدواروں کے انتخاب پر بات چیت ہوگی۔ ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
مشاورتی اجلاس میں وزیر اعظم کے صاحبزادے سلیمان شہباز، وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اور دیگر پارٹی رہنما بھی شریک ہوں گے۔ اجلاس کے دوران پنجاب کے نگراں سیٹ اپ اور امیدواروں کو ٹکٹ دینے پر مشاورت ہوگی۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کے تقرر کا فیصلہ آج کرے گا جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف آمنے سامنے آگئے۔ عمران خان نے تقرر کے معاملے پر عدالت جانے کی دھمکی دے دی۔
پنجاب کے وزیر اعلیٰ کیلئے نوید اکرم چیمہ، احمد نواز سکھیرا، محسن نقوی اور احد چیمہ کے نام تجویز کیے گئے تھے۔ چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس میں چاروں نامزد وزرائے اعلیٰ کی پروفائلز تیار کر لی گئیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








