سردی کی شدت میں اضافے کا خدشہ، بارش کے 2 اسپیلز کی پیشگوئی سامنے آگئی

تازہ ترین

تازہ ترین

بارش
(فوٹو: آن لائن)

ملک بھر میں جاری سردی کی شدت میں اضافے کا خدشہ ہے، محکمہ موسمیات نے بارش کے 2 اسپیلز کی پیشگوئی کرتے ہوئے درجہ حرارت گرنے کا بھی اندیشہ ظاہر کیا۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سے 15دسمبر تک مری، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں برفباری کی توقع ہے جبکہ 19دسمبر کو ان علاقوں میں مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں بوندا باندی کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ 21دسمبر تک مختلف علاقوں میں درجہ حرارت گر جانے کے باعث سردی کی شدت میں اضافے کا خدشہ ہے۔ دن کے وقت درجہ حرارت 5ڈگری تک بھی گرنے کا خدشہ ہے۔

اس حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عرفان ورک نے میڈیا کو آگہی دیتے ہوئے کہا کہ بالائی خیبر پختونخوا کے علاقے گلگت بلتستان اور بلوچستان میں بارش کے علاوہ ہلکی پھلکی برف باری کی بھی توقع ہے جبکہ دن کے وقت درجہ حرارت 3 سے 4 اور بعض جگہ 5ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کی توقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ رات کے وقت درجہ حرارت میں زیادہ تبدیلی محسوس نہیں ہوگی جبکہ دسمبر کے آخر اور جنوری کے شروع میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں درجہ حرارت نقطہ انجماد یعنی 0ڈگری سینٹی گریڈ تک گر جانے کا خدشہ ہے۔

Related Posts