اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا، شمالی بلوچستان، گلگت بلتستان، کشمیر اور پوٹھوہار ریجن میں بعض مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں شام ورات کے دوران تیز ہواؤں و آندھی کا امکان ہے۔
مختصر صورتحال کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں پر براعظمی ہوا چل رہی ہے۔ ایک مغربی لہر آج رات سے بلوچستان کے مغربی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے اور 3 مئی کو ملک کے بالائی علاقوں کو متاثر کرنے کا امکان ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ جنوبی علاقوں میں گرم رہا۔ جمعرات کو مٹھی ملک کا گرم ترین مقام رہا جہاں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند روز سے کراچی کا موسم خشک اور گرم اور درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب ہے جبکہ آج بھی شہر قائد میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








