کراچی : سیکورٹی اداروں نے کراچی کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرنے کیلئے کیلئے گھیرا تنگ کردیا، پولیس اور آئی بی کے جوانوں نے دہشت کی علامت سمجھے جانیوالے کرولا گینگ کے 5 ڈاکو ماردیئے۔
ڈیفنس میں پولیس اور آئی بی سے مقابلے میں 5 ملزمان مارے گئے،ملزمان کا تعلق گزشتہ ہفتے ڈیفنس میں 5 ڈکیتی کی وارداتیں کرنے والے سفید کرولا گینگ سے ہے۔
پوليس کے مطابق ملزمان ڈکيتی کیلئے گھر ميں داخل ہوئے تھے، تاہم بروقت اطلاع ملنے پر پوليس موقع پر پہنچ گئی اور گھر کا محاصرہ کرلیا۔
ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کرکے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم تمام ملزمان جوابی فائرنگ میں مارے گئے۔
ہلاک ملزمان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے۔ ملزمان ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث تھے، لاشوں کو ضروری کارروائی کیلئے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ ملزمان ڈبل کیبن گاڑی میں واردات کیلئے آئے تھے، ڈبل کيبن گاڑی سے متعلق تفصیلات لی جارہی ہیں۔ہلاک ملزمان مین سے دو کی شناخت کر لی گئی محمد عابد اور محمد ریاض کے نام سے ہوئی۔