کراچی: شہریوں سے قیمتی موبائل فونز چھین کر دوسرے ممالک سمگل کرنے والا گروہ پولیس کی گرفت میں آگیا، پولیس نے انٹیلی جنس اطلاعات پر گلشن حدید کے قریب کارروائی کی۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان کے شہر کے مختلف اسٹریٹ کرمنلز گروہوں سے رابطے تھے۔گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر شہر کے مختلف علاقوں سے 70 سے زائد قیمتی اسمارٹ فونز برآمدکرلئے ہیں۔
پولیس نے آئی ایم ای آئی نمبر تبدیل کرنے والی ڈیوائس سمیت لیپ ٹاپ، سافٹ ویئر یو ایس بیز بھی تحویل میں لے لیں۔گرفتار گروہ کا ماسٹرمائنڈ حسن عبداللہ کی نشاندہی پر گروہ کے دیگر ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
ملزم عبداللہ چھینے گئے موبائل فون کا آئی ایم ای آئی نمبر تبدیل کرنے کا ماہر ہے۔ گروہ کا سرغنہ جہانگیر بدر تبدیل کئے گئے آئی ایم ای آئی نمبرز والے فونز نیٹ ورک کے ذریعے بنگلہ دیش اور افغانستان بھجواتا تھا۔
ملزم انٹرنیٹ پر خریداروں سے رابطے کرتا اور موبوئل فون مہارت کیساتھ بیرون ملک بھجواتا تھا۔گرفتار ملزم جہانگیر بدر نے تین سالوں سے کراچی میں موبائل فون چھیننے کی مختلف وارداتوں میں ملوث ہے۔
ملزمان نے چھینا جھپٹی کے دوران متعدد شہریوں کو زخمی کرنے کا بھی اعتراف کیا۔گرفتار ملزمان میں جہانگیر بدر، حسن عبداللہ، محمد عثمان، شاہ رخ قریشی اور عابد علی شامل ہیں۔
ضلعی آئی ٹی ٹیم کی جانب سے برآمد موبائل فونز کے تبدیل کئے گئے آئی ایم ای آئی نمبرریکور کئے جا رہے ہیں۔موبائل فونز کے نمبرز ریکور کر کے اصل مالکان کو مطلع کیا جائیگا،گرفتار ملزمان سے تفتیش کا عمل جاری ہے اور مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔