فوج، پولیس، ڈولفن اسکواڈ، ایلیٹ فورس، چاروں طرف اسنائپرز، قدم قدم پر نگرانی، جانئے پاک سری لنکا آخری میچ کیلئے کیا کیا انتظامات ہیں؟

تازہ ترین

تازہ ترین

سری لنکن ٹیم کی ہائی سیکورٹی، فوٹو قومی میڈیا

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تیسرا اور آخری ون ڈے میچ اتوار کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان کو سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ انتظامی توجہ اس وقت سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات پر مرکوز ہے جو میچ اور آئندہ سہ فریقی ٹی 20 سیریز کے لیے کیے گئے ہیں۔

راولپنڈی پولیس نے اسٹیڈیم اور اطراف کے علاقوں میں فول پروف سیکیورٹی پلان نافذ کر دیا ہے۔ پانچ ہزار پانچ سو سے زائد پولیس افسران اور اہلکار سیکورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہیں، جبکہ تین سو پچاس سے زیادہ ٹریفک وارڈنز ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

سیکورٹی پلان

سیکیورٹی پلان کے اہم نکات میں اسٹیڈیم کے گردونواح اور بلند عمارتوں پر اسنائپرز کی تعیناتی، جدید سی سی ٹی وی کیمروں پر مشتمل خصوصی کنٹرول روم کا قیام، تھانوں کی موبائلز، ایلیٹ فورس اور ڈولفن اسکواڈ کی گشت شامل ہے۔

شائقین اور شہریوں کے لیے موثر ٹریفک پلان بھی بنایا گیا ہے۔ پاک فوج، رینجرز اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مربوط کوآرڈینیشن بھی کی جا رہی ہے۔

ترجمان پولیس کے مطابق ان اقدامات کا مقصد کھلاڑیوں اور شائقین کو محفوظ، پرسہولت اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا ہے۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے کہا کہ مختلف سیکیورٹی اداروں کے باہمی رابطے سے ایسا حفاظتی نظام بنایا گیا ہے جس میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔

حکام کے مطابق فول پروف سیکیورٹی کے سبب شہری اور غیر ملکی مہمان میچ کا لطف اطمینان کے ساتھ اٹھا سکیں گے۔

Related Posts