کراچی: شہر قائد میں سال کی سب سے بڑی ڈکیتی کی واردات ہوئی جہاں نامعلوم مسلح ملزمان پاک فوج کے ریٹائرڈ کرنل کے گھر سے ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت سے زائد کے زیورات، ملکی و غیر ملکی کرنسی لوٹ کر بآسانی فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق صدر تھانے کی حدود بنگلہ نمبر 16DOHS / 197 اسکول روڈ عسکری تھری کینٹ میں گھس کر اہلخانہ کو یرغمال بناکر ڈیڑھ کروڑروپے مالیت سے زائد کے زیورات، ملکی و غیر ملکی کرنسی لوٹ کر بآسانی فرار ہوگئے۔
پولیس نے ڈکیتی کا مقدمہ ریٹائرڈ کرنل محمد رمضان ملک کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا، ایف آئی آر کے متن میں مدعی مقدمہ کا کہنا ہے کہ 19 جنوری کے روز سوا پانچ بجے میں اپنے گھر میں آرام کررہا تھا کہ میرے بیٹے محمد علی نے مجھے اٹھایا۔
متن کے مطابق میں نے دیکھا کہ چار سے پانچ مسلح ملزمان میرے کمرے میں اسلحہ تان کے کھڑے تھے جبکہ میرے بیٹے محمد علی کے ہاتھ بھی بندھے ہوئے تھے، انہوں نے مجھے قابو کیا اور مجھے برابر والے کمرے میں لے آئے۔
جہاں پر پہلے سے میری اہلیہ، بیٹی، داماد عتیق اور میرے ملازم جانب اور خادم حسین، میرے بیٹے کے دوست جنید اور رضا موجود تھے، جن کے ہاتھ بندھے ہوئے تھے اور منہ پر بھی کپڑے باندھے ہوئے تھے۔
مدعی کا متن میں مزید کہنا ہے کہ ملزمان کے مزید دو سے تین ساتھی نیچے بھی موجود تھے، اسی دوران ایک مسلح شخص اسلحہ تان کر ہم لوگوں پر کھڑا ہوگیا اور باقی ملزمان اہلخانہ کو یرغمال بناکر ایک گھنٹے تک لوٹ مار کرتے رہے۔

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








