پولیس نے شدید سردی سے بے ہوش ہوجانیوالے شخص کی جان بچالی

تازہ ترین

تازہ ترین

پولیس نے شدید سردی سے بے ہوش ہوجانیوالے شخص کی جان بچالی

پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں پولیس نے شدید سردی سے بے ہوش ہوجانیوالے شخص کی جان بچا لی ہے۔ پولیس کو ایک شہری نے بے ہوش شخص کی موجودگی کی اطلاع دی تھی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس کو ایک شہری نے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کرکے اطلاع دی کہ اس کے گھر کے باہر ایک انجان شخص بے ہوش ہوچکا ہے۔

سیف سٹی ٹیم نے لاہور کے علاقے ٹاؤن شپ میں شدید سردی سے بے ہوش ہوجانے والے شخص کی جان بچانے کیلئے ہدایات دیں، جس پر تھانہ قائد اعظم انڈسٹریل اسٹیٹ پولیس نے کارروائی کی۔ 

تھانہ قائد اعظم انڈسٹریل اسٹیٹ پولیس نے بے ہوش شخص کو اطلاع دینے والے شہری کے گھر کے باہر سے ریسکیو کیا۔ بے ہوش شہری کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کی مشکل وقت میں مدد ہمارا فرض ہے۔ بے ہوش ہوجانے والے شہری کو گرم کپڑے، کھانا اور چائے بھی فراہم کی گئی، شہری نے سیف سٹی ٹیم اور پولیس کا شکریہ ادا کیا۔

خیال رہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقے دھند کی لپیٹ میں ہیں۔ متعدد شہروں میں سردی آج بھی شدید رہی۔ لاہور میں درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔ دھند کے باعث شہریوں کو بلا ضرورت سفر سے اجتناب کی ہدایت کی گئی ہے۔

Related Posts