کراچی میں شدید بارش، آج پولٹری کی سپلائی معطل

تازہ ترین

تازہ ترین

Poultry supply to Karachi will remain suspended today
ONLINE

کراچی میں آج جمعرات کے روز پولٹری کی سپلائی باضابطہ طور پر معطل کر دی گئی ہے، سندھ بلوچستان پولٹری ہول سیلرز ایسوسی ایشن (ساؤتھ زون) کی جانب سے جاری اعلان میں بتایا گیا کہ شدید بارشوں اور سڑکوں کی خستہ حالی کے باعث یہ اقدام ناگزیر ہو گیا ہے۔

ایسوسی ایشن کے صدر ملک ظریف اعوان نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پولٹری فارمز زیادہ تر دریا کے کناروں پر واقع دیہی و کچے علاقوں میں ہیں جہاں بارشوں کے بعد آمدورفت انتہائی مشکل ہو جاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھاری بارشوں کے نتیجے میں سڑکیں ناقابل استعمال ہو چکی ہیں جس کی وجہ سے مال بردار گاڑیاں پھنس جاتی ہیں یا الٹ کر حادثات کا شکار ہو جاتی ہیں۔ ان حادثات میں نہ صرف مالی نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے بلکہ مزدور بھی زخمی ہوتے ہیں۔

ملک ظریف اعوان نے مزید کہا کہ ہم یہ نقصانات طویل عرصے سے اٹھارہے ہیں لیکن اب یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ بارشوں کے دوران اس وقت تک سپلائی گاڑیاں نہیں بھیجی جائیں گی جب تک راستے محفوظ اور قابل استعمال نہ ہو جائیں۔

پولٹری کی سپلائی معطل ہونے سے کراچی میں گوشت کی دستیابی عارضی طور پر متاثر ہونے کا خدشہ ہے جس سے قیمتوں میں مزید اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔

Related Posts