اسلام آباد :وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے عید الفطر کے موقع پر عوام کے لیے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا۔
سردار اویس لغاری نے کہا ہے کہ اپریل کے لیے بجلی کے بلوں میں 3.82 روپے فی یونٹ کمی کی گئی ہے جس کی وجہ ایندھن کی قیمتوں میں ایڈجسٹمنٹ کی مجموعی کمی ہے۔
“رواں ماہ کے بلوں کے لیے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ 7.06 روپے فی یونٹ سے کم کر کے 4.92 روپے فی یونٹ کر دی گئی ہے، جس کے نتیجے میں فیول کی قیمت میں 2.14 روپے فی یونٹ کی کمی واقع ہوئی ہے۔
وزیر توانائی نے کہاکہ پچھلی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ 4.43 روپے تھی جو اب کم ہو کر 2.75 روپے ہو گئی ہے جس کے نتیجے میں بجلی کے بلوں میں 1.68 روپے فی یونٹ کی کمی ہوئی ہے،۔
انہوں نے واضح کیا کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے نوٹیفکیشن کے مطابق گزشتہ ماہ کے مقابلے میں بجلی کے بلوں میں کمی آئی ہے۔
وزیر توانائی نے واضح کیا کہ نیپرا ہر سال کے آغاز میں پورے سال کے لیے ٹیرف مقرر کرتی ہے، جب کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ ایک ماہ کے لیے بجلی کی پیداواری لاگت کا تعین کرتی ہے۔ ایندھن کی قیمتوں میں کمی نیپرا کی طرف سے مقرر کردہ ٹیرف کے مقابلے میں صارفین کے لیے قیمتوں میں کمی کا باعث بنتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








