اسلام آباد: سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء راجہ پرویز اشرف کورونا وائرس کا شکار ہوگئے، ٹیسٹ مثبت آگیا۔
راجہ پرویز اشرف کے بیٹے خرم پرویز راجہ نے ٹویٹ کیا کہ ٹیسٹ پازیٹو آنے کے بعد سابق وزیر اعظم نے قرنطینہ کرلیاہے، انہوں نے پیپلز پارٹی کے رہنما کی جلد صحتیابی کی بھی درخواست کی۔
اس سے قبل نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرپرسن لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کابھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق این ڈی ایم اے کے سربراہ 9 نومبر سے ہی قرنطینہ ہیں ،چیئرمین این ڈی ایم کا ٹیسٹ 8 نومبر کو ایک رشتہ دار کے ساتھ رابطے میں رہنے کے بعد کیا گیا تھا ۔
لیفٹیننٹ جنرل افضل اپنے سرکاری فرائض اپنے گھر سے نبھائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ نو نومبر سے ہی قرنطینہ ہیں اور وہ گھر سے ہی دفتری کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔
جمعرات کے روز پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ پندرہ دن تک کورونا وائرس سے لڑنے کے بعد انتقال کر گئے تھے۔
انہیں پہلے پشاور کے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا لیکن بعد میں انہیں کلثوم انٹرنیشنل اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں کورونا سے متعلقہ پیچیدگیوں کے سبب ان کا انتقال ہوگیا۔