ہری پور: پاکستان پیپلز پارٹی نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 18 ہری پور میں ہونے والے 23 نومبر کے ضمنی انتخاب میں بھرپور انداز میں الیکشن لڑنے کا باضابطہ فیصلہ کرلیا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق اس موقع پر عوامی سطح پر مقبول اور سماجی خدمات میں نمایاں کردار ادا کرنے والی رہنما ارم فاطمہ ترک کو ممکنہ امیدوار کے طور پر میدان میں لانے کا امکان ہے۔
حلقے کے عوام اور پارٹی کارکنان نے ارم فاطمہ ترک کی ممکنہ نامزدگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک فعال، باصلاحیت اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار خاتون ہیں جنہوں نے ہمیشہ علاقے کے مسائل کو اجاگر کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
عوامی حلقوں میں ارم فاطمہ ترک کے لیے نیک خواہشات اور مکمل حمایت کا اظہار کیا جارہا ہے۔ارم فاطمہ ترک نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام کے حقوق، جمہوریت کے استحکام اور غریب طبقے کی فلاح کے لیے کھڑی رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امیدوار کوئی بھی ہو، این اے 18 کے ضمنی انتخاب میں کامیابی پیپلز پارٹی کا مقدر بنے گی کیونکہ عوام بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی قیادت نے انتخابی مہم کے لیے جامع حکمتِ عملی تیار کرلی ہے، جس میں عوامی رابطہ مہم، گھر گھر ووٹر انگیجمنٹ اور خواتین ووٹرز کی خصوصی شمولیت پر زور دیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر ارم فاطمہ ترک کو باضابطہ طور پر ٹکٹ جاری کیا گیا تو یہ ضمنی انتخاب پیپلز پارٹی کے لیے خیبر پختونخوا میں نئی سیاسی فضا پیدا کرسکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








