پیپلز پارٹی کا تحفہ، کراچی کی سڑکوں پر اب ڈبل ڈیکر بسیں دوڑیں گی

تازہ ترین

تازہ ترین

ڈبل ڈیکر بس، فائل فوٹو

سندھ حکومت نے کل 31 دسمبر سے کراچی میں ڈبل ڈیکر بس سروس شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔

شرجیل میمن نے اورنج لائن کو گرین لائن سے ملانے کے منصوبے کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر شرجیل میمن نے اورنگی ٹاؤن میں اورنج لائن ڈپو کا جائزہ بھی لیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا یہ پاکستان کی پہلی بی آر ٹی ہے جس میں ایک ہی کارڈ چلےگا، اب ہم مزید کوشش کریں گے کہ روزانہ ایک لاکھ مسافر سفر کرسکیں۔

سندھ کے سینئر وزیر کا کہنا تھا گرین لائن اور اورنج لائن کے مسافروں کو ڈبل کرایا بھرنے کی ضرورت نہیں پڑےگی، اب ایک ہی کارڈ پر اورنج لائن اور گرین لائن سے سفر کرسکیں گے۔

شرجیل میمن نے بتایا کہ کل ہم ڈبل ڈیکر بسوں کی سروس شروع کر رہے ہیں، یہ سروس کراچی کی عوام کے لیے نئے سال کا تحفہ ہوگا، ڈبل ڈیکر بسیں ملیر سے شارع فیصل تک چلیں گی،  ڈبل ڈیکر بسوں کا کرایہ پیپلزبس کے برابر ہی رکھا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فی الحال تجرباتی بنیاد پر ڈبل ڈیکر بسوں کو محدود پیمانے پر چلارہے ہیں، پہلے مرحلے میں ڈبل ڈیکر بسیں ملیر سے شارع فیصل تک چلیں گی، چیف سیکرٹری سے بات ہوئی ہے ہم مزید ڈبل ڈیکر بھی بسیں چلائیں گے،  ڈبل ڈیکر بسوں کا فائدہ ہے اس سے سڑکوں پر جگہ بچے گی۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا ان تمام پروجیکٹس میں عوام کو سہولت ملے گی، ریڈلائن میں ہمیں بہت سے مسائل کا سامنا تھا لیکن  وزیراعلیٰ نے ان تمام مسائل کا حل نکال دیا ہے، وہاں کام شروع ہوگیاہے، حکومت سندھ نے چار کلومیٹر کا اورنج لائن منصوبہ بنایا ہے، ای وی بس بھی پہنچ چکی ہیں، جس کے نئے روٹس ہوں گے۔

Related Posts