دنیا کی معروف لگژری گھڑی ساز کمپنی Jacob & Co نے بھارتی صنعتکار مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کے لیے ایک ایسی منفرد گھڑی تیار کی ہے، جس کا نام Opera Vantara Green Camo رکھا گیا ہے۔ اس گھڑی کی قیمت تقریباً ڈیڑھ ملین ڈالر یعنی پاکستانی روپوں میں 13 کروڑ سے زائد بتائی گئی ہے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ گھڑی نہ صرف اپنی بھاری قیمت بلکہ منفرد ڈیزائن اور تفصیلات کے باعث توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ گھڑی کے ڈائل پر نیلے رنگ کی شرٹ پہنے اننت امبانی کا ننھا مجسمہ نصب ہے، جس کے ساتھ ایک شیر اور بنگال ٹائیگر کے چھوٹے مجسمے بھی موجود ہیں۔ یہ تمام ڈیزائن اننت امبانی کے جانوروں کے تحفظ کے منصوبے ونتارا سے متاثر ہے، جو 2024 میں گجرات کے شہر جام نگر میں قائم کیا گیا تھا۔
گھڑی کا سبز کیموفلاج انداز اور 18 قیراط سفید سونے کا کیس اسے اور بھی منفرد بناتا ہے۔ اس میں 397 قیمتی پتھر جڑے ہوئے ہیں، جن کا مجموعی وزن تقریباً 21.98 قیراط ہے۔ قیمتی جواہرات اور باریک کاریگری نے اسے واقعی ایک نایاب شاہکار بنا دیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ گھڑی نہ صرف لگژری اور فنکارانہ مہارت کی علامت ہے بلکہ اننت امبانی کے محفوظ ماحول اور جانوروں کے تحفظ کے پیغام کو بھی اجاگر کرتی ہے۔ سوشل میڈیا پر اس گھڑی کی شان و شوکت پر صارفین نے حیرت کا اظہار کیا اور اسے دنیا کی مہنگی ترین گھڑیوں میں شامل قرار دیا گیا۔
یہ گھڑی قیمت، ڈیزائن اور مقصد، تینوں کو یکجا کرنے والی ایک منفرد ٹائم پیس کے طور پر خبروں میں جگہ بنا چکی ہے اور لگژری اشیا کے شوقین افراد کے لیے گفتگو کا نیا موضوع بن گئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








