ملک بھر میں خصوصاً کراچی میں عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر جوش و جذبے کے ساتھ تیاریاں جاری ہیں۔ عاشقانِ رسول ﷺ اپنے انداز میں حضور اکرم ﷺ کی ولادت کی خوشی منانے میں مصروف ہیں۔ ہر طرف مرحبا یا رسول اللہ کی صدائیں گونج رہی ہیں اور محافلِ نعت، درود و سلام کی محفلیں سجائی جا رہی ہیں۔
گلیوں، محلوں، مساجد اور عمارتوں کو سبز جھنڈیوں، برقی قمقموں اور نعلینِ مبارک کی علامتی اشکال سے خوبصورتی سے سجایا جا رہا ہے۔ شہری بڑی تعداد میں بازاروں اور اسٹالز سے جھنڈیاں، بیجز، اسٹیکرز اور دیگر سجاوٹی سامان خرید رہے ہیں۔
مذہبی اور سماجی تنظیمیں اس موقع پر مختلف تقریبات اور پروگرامز کا اہتمام کر رہی ہیں جبکہ بلدیاتی ادارے گلیوں کی صفائی ستھرائی اور جلوسوں کے راستوں کی تیاری میں مصروف ہیں۔ 12 ربیع الاول کا دن سیرتِ نبوی ﷺ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور خوشی و عقیدت کے ساتھ منانے کا خاص موقع ہے جو نہایت احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ربیع الاوّل کا چاند نظر نہیں آیا یکم ربیع الاول منگل 26 اگست کو جب کہ جشن ولادت رسول ﷺ ہفتہ 6 ستمبر کو منایا جائے گا۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر اؔزاد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ماہ ربیع الاول کا چاند نظر نہ آنے کا باضابطہ اعلان کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








