اسلام آباد: صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان مظلوم کشمیریوں کی حقِ خود ارادیت کیلئے جائز جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا اور ہم مسئلۂ کشمیر کو عالمی سطح پر اٹھاتے رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق یومِ استحصالِ کشمیر کے موقعے پر اپنے پیغام میں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہمارا بنیادی مقسد مسئلۂ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور مظلوم کمیشریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایک دن کشمیری بھارت سے اپنا حق حاصل کرلیں گے۔وزیرخارجہ
اپنے پیغام میں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آج سے 2 سال قبل 5 اگست کے روز بھارت نے بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں اپنے قبضے کو توسیع دینے کیلئے یکطرفہ و غیر قانونی اقدام اٹھایا۔
پیغام میں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بھارت نے غیر قانونی اقدامات کے ذریعے مقبوضہ وادی کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے اور مظلوم کشمیری عوام سے ان کی شناخت چھیننے کی کوشش کی جو عالمی قوانین کے خلاف ہے۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ چوتھے جنیوا کنونشن کے تحت بھارت کی مذموم کوششیں اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین کے مطابق غیر قانونی اور کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کو دبانے کی ناکام کوشش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی اقدامات سے خطے کے امن کو خطرات لاحق ہیں اور مقبوضہ وادی میں خوف و دہشت کی فضا قائم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حقِ خود ارادیت کیلئے جہدوجہد کی سزا دے رہی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر بھر میں بسنے والے مظلوم کشمیری یومِ استحصالِ کشمیر آج منائیں گے جبکہ ظلم و ستم کے نئے باب کے آغاز کو 2 سال مکمل ہو گئے جس کے تحت مقبوضہ وادی کی آئینی حیثیت تبدیل کردی گئی اور مواصلاتی بلیک آؤٹ نافذ کیا گیا۔
قبل ازیں 5 اگست 2019ء کو بھارت کی مودی حکومت نے آر ایس ایس نظرئیے کے تحت مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کی جس کے بعد نئی پابندیوں، لاک ڈاؤن اور مواصلاتی بلیک آؤٹ کا سلسلہ شروع کیا گیا۔
مزید پڑھیں: دنیا بھر میں یومِ استحصالِ کشمیر آج منایا جارہا ہے
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








