کراچی: اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ جب بھی انسانیت کو کسی چیلنج کا سامنا کرنا پڑا ہے انوویشن کے ذریعہ ہمیشہ مسائل کا حل نکلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انوویشن اور انٹرپرینیورشپ کے لیے خام مال دوسری طرح کے خام مال کی طرح زمین کے نیچے نہیں ہے، بلکہ یہ انسانی وسائل کی شکل میں زمین سے اوپر ہے اور ہمیں ان وسائل کو ترقی دینے کی اشد ضرورت ہے۔
صدر عارف علوی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ وہ نہیں چاہتے کہ پاکستانی نوجوانوں کے کریٹیو ذہن ملک چھوڑ کر جائیں اور برین ڈرین کا باعث بنیں۔ اس کے بجائے وہ امید کرتے ہیں کہ تخلیقی ذہن پاکستان میں رہیں اور کاروباری منصوبوں کے ذریعے اس کی کامیابی میں حصہ ڈالیں۔
صدر مملکت عارف علوی فیڈریشن ہاؤس کراچی میں ویڈیو لنک کے ذریعے انوویشن اور انٹرپرینیورشپ پر بین الاقوامی کانفرنس کے موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ کانفرنس کا اہتمام ایف پی سی سی آئی نے ڈی ایچ اے صفہ یونیورسٹی کے اشتراک سے کیا تھا۔
ایف پی سی سی آئی کے صدر میاں ناصر حیات مگوں نے اپنا استقبالیہ خطاب میں کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ ایف پی سی سی آئی کے پلیٹ فارم کو تعلیمی اداروں کے ساتھ اس طرح کے صحت مندانہ تعاون کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے نتیجے میں پاکستان کی کاروباری برادری علاقائی اور بین الاقوامی حریفوں کے مقابلے میں بہت زیادہ فائدہ اٹھا سکتی ہے اور یونیورسٹیز صنعت کے حقیقی دنیا کے مسائل اور چیلنجز سے متعلق قابل عمل حل فراہم کر سکتی ہیں۔
ایف پی سی سی آئی کے بین الاقوامی فورمز کے کنوینر امجد رفیع نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی پاکستان کی مختلف یونیورسٹیوں اور بزنس اسکولوں کے اشتراک سے ایسی مزید کانفرنسز منعقد کرے گا۔
سلطان رحمان، کوآرڈینیٹر ہیڈ آفس ایف پی سی سی آئی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایف پی سی سی آئی باہمی فائدہ مند انڈسٹری اکیڈمیا تعلقات استوار کرنے کے لیے فعال طور پر کام کر رہا ہے اور اس کا مقصد کاروباری اور معاشی مسائل کو حل کرنے کے لیے نئے راستے پیدا کرنا ہے۔
ڈاکٹر افضل حق، وی سی ڈی ایچ اے صفہ یونیورسٹی نے کہا کہ اپنے وسیع تجربے کی بنیاد پر وہ پرامید ہیں کہ پاکستانی اکیڈمیا انڈسٹری کو مقامی طور پر منافع بخش حل تلاش کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔
ڈی ایچ اے صفہ یونیورسٹی کے مشیر نقی اعظم نے کہا کہ کانفرنس ایک بڑی کامیابی ہے کیونکہ معروف بین الاقوامی اسکالرز اور کنسلٹنٹس نے پاکستان کی انوویشن اور انٹر پرینیورشپ صلاحیت کے بارے میں اپنی تجاویز پیش کی ہیں۔
کانفرنس کے آخر میں شکریہ ادا کرتے ہوئے حنیف لاکھانی نائب صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی ملک کی مشترکہ بھلائی کے لیے معاشرے کے مختلف طبقات اور صنعتی سیکٹرز کو اکٹھا کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔