اسلام آباد :صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سینیٹ انتخابات میں اوپن بیلٹ کے ذریعے شماری کرانے کے معاملے پر سپریم کورٹ سے رہنمائی لینے کے لئے صدارتی ریفرنس پر دستخط کردیئے ہیں۔
ایوان صدر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ڈاکٹر عارف علوی نے سینیٹ انتخابات کو اوپن بیلٹ کے ذریعے کروانے کے لئے آرٹیکل 186 کے تحت عدالت عظمیٰ کو ریفرنس بھیجنے کے لئے وزیر اعظم عمران خان کی سفارش کو منظور کرلی۔
آئین میں ترمیم کیے بغیر الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 122 (6) میں ترمیم کرنے کے لئے صدارتی ریفرنس میں اعلیٰ عدالت کی رہنمائی طلب کی گئی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف ہارس ٹریڈنگ کو روکنے کے لئے اوپن بیلٹ کے ذریعے انتخابات کروانا چاہتی ہے،وفاقی کابینہ نے 15 دسمبر کو اس معاملے پر سپریم کورٹ سے رہنمائی حاصل کرنے کی منظوری دی تھی۔