اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اقلیتوں کے قومی دن کے موقعے پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام اقلیتوں کے حقوق کو تسلیم کرتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج اقلیتوں کا قومی دن منایا جارہا ہے۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ ہم ملکی سماجی و اقتصادی ترقی میں اقلیتوں کے کردار کے اعتراف میں اقلیتوں کا قومی دن مناتے ہیں۔
پیغام میں صدرِ مملکت نے کہا کہ ہم قائدِ اعظم کے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے وعدے پر قائم رہنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ اقلیتوں کو پاکستان میں ملکی آئین کے ضمانت کردہ تمام سیاسی ، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ اسلام اقلیتوں کے حقوق کو مکمل طور پر تسلیم کرتا ہے۔ پاکستان نے اقلیتوں کو سیاسی، معاشی اور سماجی طور پر بااختیار بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے۔ اقلیتوں کیلئے سرکاری ملازمتوں میں 5فیصد کوٹہ مختص کیا گیا۔
دوسری جانب اقلیتوں کے قومی دن کے موقعے پر قوم کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ میں قومی دن کے موقعے پر تمام اقلیتوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار اور ملکی ترقی میں شاندار کردار پر خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔
قوم کے نام پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اقلیتی برادری نے تحریکِ پاکستان میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اقلیتی برادری قیامِ پاکستان سے لے کر اب تک تعمیرِ وطن میں بھرپور حصہ ڈال رہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قائد اعظم نے 11 اگست 1947 کو اقلیتوں کیلئے مکمل مذہبی آزادی کا اعلان کیا تھا۔ ہم اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی ترقی و خوشحالی کیلئے پر عزم ہیں۔ حکومت اقلیتوں کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت آئین کی روشنی میں اقلیتوں کیلئے مساوی حقوق کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔ اقلیتی برادری کے افراد کی مختلف شعبوں میں خدمات کو سراہتے ہیں۔ اقلیتوں کو حقوق کی فراہمی اور جان و مال کا تحفط ریاست کی ذمہ داری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








