صدرِ مملکت اور وزیرِاعظم نے پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹر پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے وطنِ عزیز کے خلاف بیرونی پشت پناہی میں سرگرم خوارج کی بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے۔
ایوانِ صدر کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا، زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور سکیورٹی فورسز و پولیس کی بروقت اور جرأت مندانہ کارروائی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ریاست کی اولین ترجیح ہے۔
اسی طرح وزیرِاعظم شہباز شریف نے بھی واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کی بدولت بڑے نقصان سے بچا گیا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے اور حملے میں ملوث عناصر کو جلد از جلد شناخت کر کے انجام تک پہنچایا جائے۔
وزیرِاعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی سالمیت پر حملہ کرنے والے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا کر ملک سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








