اسلام آباد: صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ اسرائیل اور فلسطین کے مابین تصادم سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق فلسطین اور اسرائیل کے مابین حالیہ تصادم پر ردِ عمل دیتے ہوئے صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ خونریزی اور انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنا ہوگا جس کیلئے فریقین کو صبروتحمل کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
اپنے بیان میں صدرِ مملکت نے کہا کہ اسرائیل اور فلسطین کے مابین فوری جنگ بندی ہونی چاہئے، تصادم عوام کی مشکلات بڑھائے گا۔ عالمی برادری کو دونوں فریقین کو تصادم سے روکنے کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا۔
دریں اثناء فلسطین اسرائیل تنازعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ فلسطینی طویل عرصے سے اسرائیل کی ظلم وبربریت کا شکار ہیں۔ عالمی برادری فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز حماس نے غزہ سے اسرائیل پر ہزاروں راکٹ فائر کیے جس کے بعد اسرائیل اور فلسطین کے مابین تصادم شروع ہوگیا۔ حماس نے 300 سے زائد اسرائیلی افراد کو ہلاک کردیا جن میں صیہونی فوج بھی شامل ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








