اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف عملی اقدامات قیام امن کیلئے ضروری ہیں۔ پاکستانی شہریوں کی جان کا تحفظ ریاست کی اوّلین ذمہ داری ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج نے افغانستان میں دہشت گردوں کے کیمپس پر مبنی 7اہداف کو سرحدی علاقوں میں نشانہ بنایا۔ اس حوالے سے اپنے بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان عوامی جانوں کا تحفظ کرنے میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
بیان میں صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان ریاست کے دفاع کے فطری حق کے تحت ضروری اقدامات اٹھا رہا ہے۔ ہم نے طویل عرصے تک صبر و تحمل کا دامن تھامے رکھا اور کارروائیاں محدود علاقوں تک رہیں، تاہم سرحد پار دہشت گردی نے برداشت کی حد پار کرلی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ تشدد کی منصوبہ بندی کرنے والے کہیں بھی ہوں، ریاست کی دسترس سے باہر نہیں رہ سکتے۔ ہم خطے میں پائیدار امن و استحکام اور باہمی تعاون پر مبنی تعلقات کے خواہاں ہیں لیکن امن دہشت گردی کے خلاف سنجیدہ اقدامات سے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ افسوس، بین الاقوامی انتباہات کے باوجود افغانستان نے دہشت گرد گروہوں کو مسلسل محفوظ ٹھکانے دئیے اور افغان حکومت نے دہشت گرد گروہوں کے خلاف مؤثر کارروائی نہیں کی۔ دہشت گرد تنظیمیں افغان سرزمین کو استعمال کررہی ہیں اور خطے کے امن کیلئے سنگین خطرہ ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








