ماسکو: روسی صدر ولادی میر پیوٹن صدارتی الیکشن میں بھاری اکثریت کے ساتھ ایک بار پھر کامیاب ہوگئے ہیں، اس دوران اپوزیشن سراپا احتجاج ہے، ہزاروں مظاہرین نے علامتی احتجاج ریکارڈ کروایا۔
عالمی خبر رساں ایجنسی ”رائٹرز“ کا کہنا ہے کہ ایگزٹ پولز اور صدارتی الیکشن کے ابتدائی نتائج کے مطابق ولادی میر پیوٹن نے ایک بار پھر میدان مار لیا۔ مزید 6سال تک حکمرانی کی صورت میں 1999ء میں اقتدار سنبھالنے والے ولادی میر پیوٹن جوزف اسٹالن کا ریکارڈ توڑ دیں گے۔
جوزف اسٹالن کو روس پر طویل عرصے تک حکمرانی کا اعزاز حاصل ہے۔ صدر ولادی میر پیوٹن 2 صدیوں سے زائد عرصے کے دوران روس کے طویل ترین مدت تک اقتدار حاصل کرنے والے رہنما کا اعزاز حاصل کریں گے۔ موجودہ انتخابات کے دوران ولادی میر پیوٹن کو 87.8فیصد ووٹ پڑے۔
سوویت یونین کے بعد روس کی تاریخ میں اب تک سب سے زیادہ 87.8فیصد ووت حاصل کرنے والے صدر ولادی میر پیوٹن نے یہ کامیابی یوکرین پر حملے کے 2 سال بعد حاصل کی ہے جبکہ روس یوکرین جنگ کو عالمی سطح پر دوسری جنگِ عظیم کے بعد سب سے مہلک قرار دیا جارہا ہے۔
گزشتہ ماہ روسی صدر کے سب سے بڑے حریف الیکسی ناوالنی آرکٹک کی ایک جیل میں قید کے دوران انتقال کر گئے۔ ولادی میر پیوٹن کے مخالفین نے روسی عوام سے صدر کو کرپٹ اور آمر قرار دیتے ہوئے احتجاج کا مطالبہ کیا تھا۔ اپوزیشن کے مظاہروں میں ہزاروں افراد شریک ہوئے تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








