یومِ تاسیس: پی پی پی ہمیشہ پسے ہوئے طبقات کی آواز بنی ہے۔صدرِ مملکت

تازہ ترین

تازہ ترین

صدر زرداری
(فوٹو آن لائن)

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی کو 58ویں یومِ تاسیس کے موقعے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی پی پی ہمیشہ پسے ہوئے طبقات کی آواز بنی ہے، جس نے مزدوروں، خواتین اور اقلیتوں کا ساتھ دیا۔

تفصیلات کے مطابق پی پی کے 58ویں یومِ تاسیس کے موقعے پر قوم کے نام اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم جمہوریت، سماجی انصاف اور عوامی اختیار کیلئے پر عزم ہیں۔ یومِ تاسیس کے موقعے پر بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے بانیان کے ویژن، جرأت اور قربانیوں سے پاکستان کی جمہوری بنیادیں مستحکم ہوئیں اور آنے والی نسلون کو حوصلہ ملا۔ پیپلز پارٹی نے ہر دور میں قوم کو درپیش چیلنجز کا سامنا کیا۔ جب پاکستان میں آمریت راج کررہی تھی تو پی پی پی جمہوریت کی علامت بن کر ابھری۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے عوامی حقوق بحال کرنے کیلئے جدوجہد کی اور ہمیشہ جمہوری نظام کو مستحکم کرنے، قومی یکجہتی کو فروغ دینے اور سیاسی عمل کو درست سمت میں رکھنے کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کیا۔ پاکستان کو 1973 کا متفقہ آئین شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قیادت میں ملا جو آج بھی جمہوریت کی اساس سمجھا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی پی پی وفاق کی مضبوطی، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں اصلاحات، ایٹمی پروگرام کی بنیاد اور زمین، محنت کشوں، تعلیم اور سماجی انصاف کے شعبوں میں انقلابی اصلاحات پر فخر کرتی ہے۔ آئیے اور پی پی پی کے یومِ تاسیس کے موقعے پر جمہوریت، سماجی انصاف، مساوات اور عوامی اختیار کے عزم کو ایک بار پھر تازہ کیجئے۔

Related Posts