مسائل کے حل تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، وزیر اعظم

تازہ ترین

تازہ ترین

وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ ایران سے بجلی کے معاہدے کے بعد گوادر کو 2 ہفتے میں 100 میگاواٹ بجلی کی فراہمی شروع کردی جائے گی، جبکہ پانی کا مسئلہ بھی ستمبر تک حل ہوجائے گا۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے گوادر کا ایک روزہ دورہ کیا، وفاقی وزراء مولانا اسعد محمود، سید نوید قمر، نوابزادہ شاہ زین بگٹی، احسن اقبال، آغا حسن بلوچ، انجینئر خرم دستگیر، وزیرِ مملکت ڈاکٹر مصدق ملک، معاونینِ خصوصی طارق فاطمی اور سید فہد حسین بھی ان کے ہمراہ تھے۔

یہ بھی پڑھیں:

وزیر اعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے کیلئے گوادر آج پہنچیں گے

گوادر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایران سے بجلی کا معاہدہ طے پاگیا، جسے منگل کے روز وفاقی کابینہ کے اجلاس میں رکھا جائے گا، معاہدے کے بعد گوادر کو 2 ہفتے میں 100 میگاواٹ بجلی کی فراہمی بھی شروع کردی جائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ گوادر شہر کو پانی کی فراہمی کیلئے نئی پائپ لائن بچھائی جائیں گی، ستمبر تک پانی کی پائپ لائن بچھانے کا کام مکمل کرلیا جائے گا، گوادر کے پانی کے پرانے پائپس تبدیل ہوں گے۔

اس موقع پر ماہی گیروں کو مخاطب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ 3 ماہ میں ماہی گیروں کو انجن فراہم کردیئے جائیں گے، ماہی گیروں کو کشتیوں کیلئے 2 ہزار انجن فراہم کررہے ہیں، انجنوں کی تقسیم میرٹ پر ہوگی، انجن کی تقسیم کے بعد اس کی مینٹیننس کی ذمہ داری کمپنی کی ہوگی۔

اپنے خطاب میں بلوچستان عوام کو مخاطب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا تھا کہ اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک مسائل حل نہیں کردیتے، وعدوں کی پاسداری اور مسائل کا حل ہمارا فرض ہے، جب تک مسائل سنجیدگی سے حل نہیں ہوں گے بات آگے نہیں بڑھے گی۔

وزیر اعظم سے وزیراعلیٰ بلوچستان کی ملاقات

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے سیاسی صورتحال سمیت بلوچستان کے مسائل اور ترقیاتی ترجیحات سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعلیٰ نے بلوچستان کے دیرینہ مسائل اور ان کے حل کی تجاویز سے وزیراعظم کو آگاہ کیا، وزیراعظم نے اس حوالے سے وفاقی حکومت کی بھرپور معاونت کی یقین دہانی کرائی۔

دونوں رہنماؤں نے بلوچستان کی تعمیر و ترقی کیلئے بھرپور اور نتیجہ خیز اقدامات کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

Related Posts