پرنس کریم آغا خان کی آخری رسومات ادا، تدفین کل مصر میں ہوگی

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو ایم ایم

پرتگال کے شہر لزبن میں اسماعیلی کمیونٹی کے حاضر امام پرنس کریم آغا خان کی آخری رسومات کی ادائیگی کردی گئی۔

رپورٹ کے مطابق اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان کی تدفین اتوار کو مصر کے شہر اسوان میں ان کے دادا آغا خان سوم سر سلطان محمد شاہ کے پہلو میں عمل میں آئے گی۔

مصر میں تدفین کی وجہ مصر کے ساتھ اسماعیلیہ کمیونٹی کا تاریخی رشتہ ہے، جہاں طویل عرصہ اسماعیلیوں کی حکومت (فاطمین مصر) رہی ہے۔

پرتگال میں پرنس کریم آغا خان کی آخری رسومات میں پاکستان کی جانب سے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے شرکت کی۔

حکومت پاکستان نے ہفتے کو پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔

گزشتہ روز وزیراعظم شہباز محمد شریف نے ہدایات جاری کی تھیں کہ 8 فروری بروز ہفتہ ملک بھر میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

پرنس کریم آغا خان اسماعیلی کمیونٹی کے 49 ویں امام یا روحانی پیشوا تھے، وہ 11 جولائی 1957 کو 20 سال کی عمر میں اپنے دادا کی وصیت کے مطابق اپنے باپ کی حیات میں ہی اسماعیلی برادری کے امام بنے۔

واضح رہے کہ آغاخان سوم سلطان محمد شاہ نے اپنے بیٹے پرنس علی خان کے بجائے ان کے بیٹے یعنی اپنے پوتے پرنس کریم کو اپنا جانشین نامزد کیا تھا۔

مرحوم آغاخان چہارم پرنس کریم کے والد پرنس علی خان پاکستان کے سابق سفارتکار بھی ہے، ایک حادثے میں انتقال کے بعد انہیں شام کے قصبے سلمیہ میں سپرد خاک کیا گیا۔

Related Posts