اسماعیلی برادری کے پچاسویں امام پرنس رحیم آغاخان کا ایوان صدر میں پرتپاک استقبال، گلگت چترال میں دیدار کی تیاریاں عروج پر

تازہ ترین

تازہ ترین

پرنس رحیم آغاخان، فوٹو ایکسپریس
پرنس رحیم آغاخان، فوٹو ایکسپریس

اسماعیلی برادری کے پچاسویں حاضر امام پرنس رحیم آغا خان پنجم کو پاکستان آمد پر غیر معمولی ریاستی پروٹوکول دیا گیا، حالانکہ وہ کسی ریاست یا حکومت کے سربراہ نہیں ہیں۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے نور خان ایئر بیس پر خود معزز مہمان کا پُرتپاک استقبال کیا جبکہ ایوانِ صدر پہنچنے پر پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے چاک و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

اس موقع پر خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے۔ ثقافتی لباس میں ملبوس بچوں نے پرنس رحیم آغا خان کو پھول پیش کیے اور روایتی انداز میں خیر مقدم کیا۔

پرنس رحیم آغاخان کی پاکستان آمد کے بعد اعلیٰ سرکاری حکام سے ملاقاتیں طے ہیں، جن میں پاکستان میں مختلف ترقیاتی کاموں کے حوالے سے سمجھوتے بھی متوقع ہیں، اس کے بعد پرنس رحیم آغاخان گلگت اور چترال میں اسماعیلی برادری سے ملاقات کیلئے جائیں گے، جہاں بڑے پیمانے پر ان کے دیدار کی تیاریاں عروج پر ہیں۔

نور خان ایئر بیس سے ایوانِ صدر پہنچنے پر چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی ان کا استقبال کیا، بعد ازاں صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور پرنس رحیم آغا خان کے درمیان خصوصی ملاقات ہوئی جس میں بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری بھی شریک تھے۔

واضح رہے کہ اسماعیلی برادری کے روحانی پیشوا کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔ یہ دورہ منگل تک جاری رہے گا۔

Related Posts