اسمٰعیلی فرقے کے روحانی پیشوا کا پہلا دورہ پاکستان، گلگت بلستستان اور چترال میں استقبال کی تیاری مکمل

تازہ ترین

تازہ ترین

اسمٰعیلی
(فوٹو: آن لائن)

اسمٰعیلی برادری کے 50ویں امام اور آغا خان پنجم، پرنس رحیم شاہ الحسینی، اسی ماہ کے اختتام پر ایک ہفتے کے دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔ اس دورے کے پیش نظر ان کے پیروکاروں  نے انتظامات کو آخری شکل دے دی ہے اور گلگت بلتستان اور چترال کے مختلف مقامات پر استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

اسمٰعیلی کمیونٹی کے نمائندہ ادارے اسمٰعیلی کونسل  نے اس دورے کی باضابطہ تصدیق کرتے ہوئے ایک سرکلر کے ذریعے جماعت کو آگاہ کیا ہے کہ پرنس رحیم بطور 50ویں امام پہلی مرتبہ پاکستان آ رہے ہیں۔ شیڈول کے مطابق وہ 20 مئی کو اسلام آباد پہنچیں گے اور 26 مئی تک ملک میں قیام کریں گے۔

پرنس شاہ رحیم الحسینی اسماعیلیوں کے 50ویں موروثی امام ہیں، جنہوں نے اپنے والد، 49ویں امام پرنس کریم آغا خان چہارم کے انتقال کے بعد فروری 2025 میں امامت سنبھالی۔ منصب سنبھالنے کے بعد ان کا یہ پہلا دورۂ پاکستان ہوگا، جس کی تاریخ سامنے آنے پر ان کے پیروکاروں میں مسرت اور جوش و خروش دیکھا جارہا ہے۔

اسمٰعیلی کونسل کے مطابق امامت سنبھالنے کے بعد پرنس رحیم نے دنیا بھر میں اپنی جماعت سے ملاقاتوں کا آغاز کر دیا تھا اور وہ یورپ اور کینیڈا سمیت مختلف ممالک میں اسمٰعیلی پیروکاروں سے مل چکے ہیں۔ پاکستان کا یہ دورہ بھی اسی سلسلے کا تسلسل ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق 20 سے 26 مئی تک جاری رہنے والے اس دورے کا آغاز اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات سے ہوگا۔ اس کے علاوہ وہ آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک (اے کے ڈی این) کے جاری منصوبوں اور سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیں گے۔

Related Posts