کوہاٹ میں گرفتارمیگا فراڈ کی وارداتوں کے مرتکب جعلی میجر کے قبضے سے 6قیمتی گاڑیاں،خود کار اسلحہ،سیکیورٹی فورسز کی وردی،ملٹری نشانات، ملکی و غیر ملکی جعلی کرنسی،بلیک ڈالر،درجنوں بنک چیک،متعدد شہریوں کے پاسپورٹ اور جعلی دستاویزات برآمد کرکے تحویل میں لے لیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق زیرِ حراست ماسٹر مائنڈ ملزم پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں لوگوں کو جعلسازی کے ذریعے لوٹنے کی لاتعداد وارداتوں میں ملوث ہے۔ملزم نے ابتدائی پوچھ گچھ میں نوسربازی کی کئی وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف جرم کرلیا ۔
گرفتار نوسر باز کو مقامی عدالت کے سامنے پیش کرکے مزید 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر تفتیشی ٹیم کے حوالے کردیا گیا ہے جن سے مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ جاوید اقبال کے دفتر سے معلومات بھی جاری کردی گئیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ کے مطابق گزشتہ روز کوہاٹ کے پوش علاقہ کے ڈی اے کوتل ٹاؤن شپ سے خفیہ معلومات اور مسلسل نگرانی کے بعد ایک کامیاب کارروائی کے دوران حراست میں لئے گئے جعلی میجر عامر حسین ولد احسان علی کی نشاندہی پر مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں کیں۔
مقامی تھانے کے ایس ایچ او عبدالرؤف نے پولیس نفری کے ہمراہ کے ڈی اے میں واقع ملزم کے رہائشی مکان سمیت مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیوں کے نتیجے میں مبینہ نوسر باز کے زیر قبضہ 6عدد قیمتی گاڑیاں،1 ایس ایم جی گن، 25کارتوس، 2چارجرز، میجر کے رینک لگے پاک فوج کی وردی اور ملٹری نشانات برآمد کر لیے۔
چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 20ہزار روپے سے زائدکی پاکستانی،عراقی،ایرانی اور بھارتی جعلی کرنسی،یو ایس اے کے بلیک ڈالر، 12عدد مختلف بنکوں کے چیک، پاکستانی شہریت رکھنے والے افراد کے 5عدد پاسپورٹ اور ملزم کے نام کے جعلی اسٹوڈنٹ کارڈ اور دیگر دستاویزات برآمد کرکے تحویل میں لے لی گئیں۔
خیبر پختونخوا کے شہر کوہاٹ کے پوش علاقے میں طویل عرصے سے رہائش پذیر ملزم عامر حسین کا تعلق پارا چنار سے ہے جوراولپنڈی اسلام آباد، پشاور، سوات، کوہاٹ، ہنگو اور پارا چنار میں دھوکہ دہی کے ذریعے لوگوں کو لوٹنے کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔
مبینہ ملزم رینٹ پر گاڑیاں حاصل کرکے ان گاڑیوں کو مختلف شہروں میں فروخت کرنے کی وارداتوں میں بھی ملوث ہے جبکہ شاطرملزم عوام کو دھوکہ دینے کیلئے پاک آرمی کی وردی پہن کر خود کو حساس ادارے کا میجر ظاہر کرتا تھا اور حساس ادارے کا جعلی کارڈ بھی بنارکھا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق مذکورہ شخص لوگوں کو بیرون ملک بھجوانے اور ملک کے سرکاری محکموں میں ملازمت دلوانے کا جھانسہ دیکر ان سے رقم بٹورتا تھا جبکہ موقع ملنے پر جعلی کرنسی کا استعمال بھی کرتا تھا۔پولیس نے عوامی شکایات کی تصدیق کے بعد مسلسل نگرانی کے نتیجے میں مبینہ نوسر باز عامر حسین کو حراست میں لیا۔
حراست میں لیے گئے ملزم کے خلاف تھانہ کے ڈی اے میں مقدمہ درج کرلیا گیا جسے پولیس نے عدالت کے سامنے پیش کرکے 2 روزہ مزید جسمانی ریمانڈ حاصل کرکے تفتیشی ٹیم کے حوالے کردیا۔دھوکہ دہی سے لوٹ مار کے اعتراف کے بعد ملزم سے مزید انکشافات کی توقع کی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حساس ادارے کے نام پر لوٹنے والا جعلساز گرفتار
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








