ممتاز اہل تشیع عالم دین علامہ حسین نجفی سرگودھا میں سپرد خاک

تازہ ترین

تازہ ترین

ممتاز اہل تشیع عالم دین علامہ محمد حسین نجفی المعروف ڈھکو صاحب انتقال کرگئے، انہیں سرگودھا میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

مرحوم کچھ عرصے سے علیل اور اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ جہاں انہوں نے دارفانی کو خیر باد کہا۔ آیت اللہ محمد حسین نجفی 1932ء میں جہانیاں شاہ سرگودھا میں پیدا ہوئے۔ وہ بزرگ شیعہ علماء میں شمار ہوتے تھے۔ ان کی علمی، مذہبی اور قومی خدمات کا عرصہ تقریباً 70 سال پر محیط ہے۔

مرحوم نے حوزہ علمیہ نجف عراق میں علوم دینیہ حاصل کئے اور وطن واپس آکر خدمت دین میں مصروف ہوگئے۔ مرحوم نامور مقرر، مناظر، مبلغ توحید، مجتہد، محقق، مفسر قرآن و حدیث، ماہر فلسفہ و علم الرجال اور کئی کتب کے مصنف تھے۔

یہ بھی پڑھیں:

سانحہ جڑانوالہ: سراج الحق کا متاثرہ مسیحی بچیوں کو جہیز دینے کا اعلان

ان کی تصنیفات میں تفسیر فیضان الرحمن، مناظرہ کی کتاب تجلیات صداقت در جواب آفتاب ہدایت، مسائل الشریعہ، احسن الفوائد فی شرح العقائد، اصول الشریعہ فی عقائد الشیعہ، قوانین الشریعہ فی فقہ الجعفریہ، اسلام اور حرمت غنا، اسلام اور حرمت ریش تراشی، اسلام اور وجوب نماز جمعہ، سعادت الدارین فی مقتل الحسین، تحقیقات الفریقین فی حدیث الثقلین، ختم نبوت بر ختمی مرتبت، آداب المفید و المستفید، اصلاح المجالس و المحافل، اصلاح الرسوم الظاہرہ بکلام العترت الطاہرہ اور دیگر شامل ہیں۔
وہ جامعہ علمیہ سلطان المدارس الاسلامیہ کے پرنسپل، تحریک جعفریہ کی سپریم کونسل کے رکن بھی رہے۔ ملت تشیع کی قیادت کے انتخاب اور اتحاد کے داعی تھے۔ مرحوم علامہ سید محمد دہلوی، علامہ مفتی جعفر حسین، علامہ عارف حسین الحسینی اور علامہ ساجد علی نقوی کے قریبی ساتھیوں میں سے تھے۔

مرحوم کی نماز جنازہ جامعہ علمیہ سلطان المدارس الاسلامیہ سرگودھا میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری اور ملک بھر سے دیگر علماء شریک ہوئے۔ مرحوم کو مدرسے میں ہی سپرد خاک کیا گیا۔

وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ ریاض حسین نجفی نے آیت اللہ محمد حسین نجفی کے انتقال پر افسوس اور رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے اسے قومی و ملی نقصان قرار دیا ہے۔

Related Posts