خواجہ سراء برادری کا ایس ایچ او تھانہ بنی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ اوردھرنا

تازہ ترین

تازہ ترین

خواجہ سراء برادری کا ایس ایچ او تھانہ بنی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ اوردھرنا
خواجہ سراء برادری کا ایس ایچ او تھانہ بنی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ اوردھرنا

راولپنڈی،خواجہ سراء کے گھر پر حملہ کرنے والے ملزمان کو پولیس کی جانب سے بے گناہ قرار دیے جانے کا معاملہ،خواجہ سراء برادری کاایس ایچ او تھانہ بنی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ اوردھرنا۔

مظاہرے کے دوران متاثرین کا حصول تحفظ اور انصاف کے تقاضے پورے کرنے کا مطالبہ،متاثرین خواجہ سراؤں کی جانب سے ایس ایچ او تھانہ بنی راولپنڈی کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔

خواجہ سرا فوزیہ پٹھانی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ راولپنڈی پولیس نے انکوائری کے بعد ہمارا مقدمہ درج کیا، مقدمے کے اندراج سے قبل ڈی ایس سرکل راوث خان نے انکوائری کی اور انکے حکم پر مقدمہ درج ہوا۔

فوزیہ پٹھانی کا کہنا تھا کہ تھانہ بنی پولیس نے بااثر ملزمان کی گرفتاری کی بجائے انہیں کھلی چھوٹ دے دی، نامزد ملزم نے عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کی اور پولیس نے ہر پیشی پر عدالت سے وقت مانگا

مقدمے کے اندراج کے بعد بھی پولیس ہمیں روز انکوائری کے نام پر بلاتی اور ہماری تذلیل کرتی ملزمان پولیس کے دفاتر میں ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر بیٹھے رہتے اور ہم باہر خوار ہوتے، فوزیہ پٹھانی

انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ہم نے اس سے قبل بھی احتجاج کیا تو راولپنڈی پولیس نے انصاف اور میرٹ کی یقین دہانی کرائی مگر نہ انصاف ہوا نہ میرٹ، اب ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے ہمیں انصاف دو یا ہمیں مار دو۔

ایسے بااثر ملزمان مختلف شہروں میں ہمیں مار رہے ہیں ہماری سانسیں چھین رہے ہیں اور پولیس میں موجود کالی بھیڑیں انکی پشت پناہی کرتی ہیں،ہم انصاف اور تحفظ کی ضمانت تک یہاں دھرنا دیں گے، موسم کی سختی اور پولیس کی لاٹھیاں بھی برداشت کرینگے۔

فوزیہ پٹھانی نے کہا کہ ہمیں مرنا منظور ہے مگر اپنے حق سے دستبردار نہیں ہوں گے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ انسانی حقوق کی تنظیمیں، آئی جی پنجاب، وزیر اعلیٰ پنجاب اس ظلم وستم کا نوٹس لیں۔

Related Posts