پی ایس ایل 10: بابر اعظم کی نصف سنچری، پشاور زلمی کی لاہور قلندرز کو 7وکٹوں سے شکست

تازہ ترین

تازہ ترین

PSL 10: Babar’s fifty powers Peshawar Zalmi beat Lahore Qalandars
ONLINE

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے 14ویں میچ میں پشاور زلمی نے کپتان بابراعظم کی شاندار نصف سنچری اور فاسٹ باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت لاہور قلندرز کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔ میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔

پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کی جانب سے دیا گیا 130 رنز کا ہدف 17ویں اوور میں با آسانی حاصل کر لیا۔ بابراعظم نے پی ایس ایل کیریئر کی 36ویں نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے ناقابل شکست 56 رنز بنائے۔

پشاور زلمی کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور صرف 7 رنز پر دو وکٹیں گر گئیں۔ اوپنر صائم ایوب اور ٹام کوہلرکیڈمور شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کا شکار بنے۔

ابتدائی جھٹکوں کے بعد محمد حارث اور بابراعظم نے ٹیم کو سنبھالا دیا۔ دونوں نے چوتھے اوور کے اختتام پر مجموعی اسکور 40 تک پہنچا دیا تاہم چوتھے اوور کی آخری گیند پر شاہین نے محمد حارث کو 20 رنز (16 گیندیں، دو چھکے) پر آؤٹ کر دیا۔

پانچویں اوور میں اسکور 40-3 تھا اور میچ سنسنی خیز ہو چکا تھا لیکن بابراعظم اور حسین طلعت نے ایک اہم اور ناقابل شکست 93 رنز کی شراکت داری قائم کر کے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔

دونوں بلے بازوں نے پراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے 14ویں اوور میں ٹیم کا اسکور 100 سے اوپر پہنچایا۔ بابراعظم نے 42 گیندوں پر سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 56 رنز بنائے جبکہ حسین طلعت نے 37 گیندوں پر 51 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

اس سے قبل لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا مگر پوری ٹیم 20ویں اوور میں صرف 129 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ سکندر رضا کے سوا کوئی بھی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔

فخر زمان نے 8 گیندوں پر 10 رنز بنائے جبکہ آصف علی صرف 4 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ عبداللہ شفیق کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے جبکہ ڈیرل مچل نے تین گیندوں پر صرف 2 رنز بنائے۔

سکندر رضا نے حارث رؤف کے ساتھ اہم شراکت داری قائم کی اور ٹیم کا اسکور 15ویں اوور میں 100 کے پار لے گئے۔ حارث رؤف نے 14 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے 10 رنز بنائے۔

سکندر رضا کی 52 رنز کی جارحانہ اننگز 37 گیندوں پر مکمل ہوئی جس میں پانچ چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ وہ 19ویں اوور کی پہلی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

پشاور زلمی کی جانب سے الزاری جوزف نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ لوک ووڈ اور حسین طلعت نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ علی رضا اور عارف یعقوب نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

Related Posts