کراچی: کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنر ایلکس ہیلز اور پال اسٹرلنگ نے تیز رفتار نصف سنچریاں بنا کر پشاور زلمی کے خلاف اپنی ٹیم کو نو وکٹوں فتح دلوادی۔
ہیلز اور اسٹرلنگ نے جارحانہ اننگز کا آغاز کیا اور صرف تین اوورز کی شراکت میں 50 رنز بنائے، یہ پی ایس ایل کی تاریخ کی تیز ترین ففٹی میں سے ایک ہے۔ دونوں اوپنرز باؤلرز کو سزا دیتے رہے اور میچ کو ون سائیڈڈ کردیا۔
اسٹرلنگ نے صرف 18 گیندوں پر سات چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے۔ یہ پی ایس ایل کا دوسرا تیز ترین 50 اسکور تھا۔ انہوں نے 11.8 رنز فی اوور کی اوسط سے شراکت میں 100 رنز بنائے۔ ہیلز 54 گیندوں پر 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 82 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
اسٹرلنگ 25 گیندوں پر 57 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جب وہ حسین طلعت کی گیند پر زلمی کے کپتان وہاب ریاض کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔ میچ میں پشاور نے یونائیٹڈ کو 169 رنز کا ہدف دیا۔ یونائیٹڈ کے باؤلرز نے پشاور زلمی کی ٹاپ آرڈر بیٹنگ لائن کوزیادہ رنز نہیں بنانے دیئے۔
شعیب ملک نے 22 گیندوں پر دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 25 رنز بنائے۔ انہوں نے شیرفین ردرفورڈ کے ساتھ 73 رنز کی شراکت داری کی۔ شیرفین ردرفورڈ نے 46 گیندوں پر سات چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 70 رنز بنائے۔
مزید پڑھیں: پاکستان سپر لیگ 7، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو شکست دیدی
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








