کراچی: 20 فروری 2021 سے شروع ہونے والے پی ایس ایل6 کے میچز کے سلسلے میں کراچی پولیس کی جانب سے جامع سیکیورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے۔
سیکیورٹی پلان ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کی زیرصدارت اجلاس میں تشکیل دیا گیا جس میں ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد، کمانڈنٹ ایس ایس یو ڈاکٹر فرخ علی، پولیس، فوج، رینجرز اور پی سی بی کے سینیئر افسران سمیت تمام اسٹیک ہولڈر نے شرکت کی۔

مجموعی طورپر کر اچی پولیس کے 5000 سے زائد اہلکار پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)6 کے موقع پر سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔
سکییورٹی ڈویژن کے2500 اہلکار بشمول 1070ایس ایس یو کمانڈوز، ٹریفک پولیس، ریپڈ رسپانس فورس، اسپیشل برانچ اور ضلعی پولیس کے اہلکار دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہمراہ نیشنل اسٹیڈیم، کراچی ایئرپورٹ، روٹس، پریکٹس گراؤنڈز، پارکنگز، ہوٹلز اور دیگر مختلف جگہوں پر ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔

اس موقع پر ڈی آئی جی سکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد نے کہا کہ حساس مقامات پر ماہر نشانہ باز کو بھی تعینات کیا جائے گا اور اسٹیڈیم کے مضافات میں امن و امان کی صورتحال کی نگرانی کے لئے نیشنل اسٹیڈیم پر ایک خصوصی کمانڈ اینڈ کنٹرول بس بھی تعینات کی جائے گی۔
کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے جدید تربیت یافتہ اور اسلحہ سے لیس کمانڈوز پر مشتمل اسپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹس (S.W.A.T) ٹیم کو اسٹیڈیم کے اندر اور باہر تعینات کیا جائے گا۔ جبکہ حفاظتی انتظامات کو مزید موٗثر بنانے کے لئے فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔
پارکنگ
نیشنل اسٹیڈیم آنے والے شائقین کے لئے درج ذیل پارکنگ پوائنٹس مختص کئے گئے ہیں جہاں ٹریک سوٹ میں ملبوس ایس ایس یو کمانڈوز اور لیڈی کمانڈوز کو ان کی رہنمائی کے لئے تعینات کیا جائے گا۔
1: بیت المکرم مسجد کے قریب یونیورسٹی روڈ پر واقع حکیم سعید گراؤنڈ
2: نیشنل کوچنگ سینٹر سے متصل چائنا گراؤنڈ (صرف وی آئی پی حضرات کیلئے)
خصوصی شٹل سروس
تماشائیوں کو پارکنگ پوائنٹس سے اسٹیڈیم اور اسٹیڈیم سے پارکنگ پوائنٹس تک خصوصی بس شٹل سروس کے ذریعے پہنچایا جائے گا۔ اسٹیڈیم میں داخلے سے قبل انہیں واک تھرو گیٹس اور تلاشی کے عمل سے گزرنا ہوگا۔
اسٹیڈیم میں داخل ہونے کے لئے شائقین کو اپنا اصل قومی شناختی کارڈ اور میچ کا ٹکٹ ہمراہ لانا ہو گا بصورت دیگر اسٹیڈیم میں داخلہ ممنوع ہو گا۔کھانے پینے کی اشیاء، پانی کی بوتلیں اور دیگر اشیاء اسٹیڈیم میں لیجانے کی اجازت نہیں ہو گی۔
کرونا وائرس کے پیش نظر ماسک پہننا اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنا ہر تماشائی پر لازمی ہو گا۔

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








