عمران خان 28ماہ سے جیل میں بند، پی ٹی آئی نے اوورسیز پاکستانیوں سے تعاون مانگ لیا

تازہ ترین

تازہ ترین

عمران خان
(فوٹو: آن لائن)

بانی پی ٹی آئی عمران خان گزشتہ 28ماہ سے جیل میں بند ہیں، پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے رہائی کیلئے اوورسیز پاکستانیوں سے تعاون مانگ لیا جبکہ اس سیاسی جماعت پر 9 مئی کے بعد سے مختلف پابندیاں عائد کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق حال ہی میں حکومت نے عمران خان سے جیل میں ملاقات پر بھی پابندی عائد کی جبکہ وزیر اعلیٰ کے پی کے سہیل آفریدی دھرنا دینے کے باوجود عمران خان سے ملاقات نہیں کرسکے۔ پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صدر جنید اکبر نے اوورسیز پاکستانیوں سے تعاون کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں پارٹی کارکنان پر ریاستی دباؤ ڈالا جارہا ہے۔

اپنے حالیہ بیان میں جنید اکبر نے کہا کہ متعدد پی ٹی آئی کارکنان کو مقدمات کا سامنا ہے۔ صرف کے پی کے میں ستمبر میں 2000 جبکہ نومبر میں مزید 5000 کارکنان پر مقدمات درج ہوئے۔ تقریباً 20 سے 22000 کارکنان کو مختلف تحقیقات کیلئے طلب کیا گیا۔ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور تنظیمی ڈھانچے پر بھی اس صورتحال سے دباؤ پڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں ملک بھر کے پارٹی کارکنان، دیگر صوبوں کی تنظیموں اور اوور سیز پاکستانیوں سے اپیل کرتے ہیں کہ خیبر پختونخوا کے کارکنان کا ساتھ دیں کیونکہ کارکنان کی گاڑیوں اور وسائل سمیت دیگر مشکلات کا بھی سامنا ہے۔ کارکنان کے کیسز کی پیروی کیلئے عدالت آمدورفت بھی کم از کم 20 سے 25لاکھ کے اخراجات کے ساتھ ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مرکزی قیادت کے فیصلے کو پوری ذمہ داری سے نبھانے کی کوشش کریں گے۔ تحریکِ انصاف مذاکرات یا احتجاج سمیت دو ہی راستے اختیار کرسکتی ہے تاہم ایک صوبے کے احتجاج کی بجائے پورے پاکستان سے پی ٹی آئی کو متحرک ہونا ہوگا۔ اداروں اور عوام کے درمیان بڑھتے ہوئے فاصلے کسی کے مفاد میں نہیں۔ مذاکرات کی باتوں کے ساتھ ہمیں عمران خان سے ملاقات تک نہیں کرنے دی جارہی۔

Related Posts