پاکستان تحریک انصاف نے ملکی معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں سرمایہ کاری نہیں ہو رہی، کاروبار ختم ہو کر رہ گیا ہے۔ ملک کونئے الیکشن کی طرف لے جانا ہو گا۔ صدرمملکت کو پیغام دیا گیا مل بیٹھ کر بات کریں، اگر حکومت الیکشن میں سنجیدہ ہے تو ہم بات چیت کیلئے تیار ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی زیر صدارت زمان پارک میں اجلاس ہوا، اجلاس میں سابق وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر، سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری، سابق وزیر مملکت فرخ حبیب ، ڈاکٹر شیریں مزاری، اسد قیصر، علی زیدی، زلفی بخاری، پرویز خٹک، علی امین گنڈا پور، مراد سعید ،عامر کیانی، بابر اعوان، شفقت محمود، اعجاز چودھری، اعظم سواتی، شاہ فرمان، علی اعوان، شبلی فراز ، اسلم خان، افتخار درانی، کرنل (ر) عاصم شریک ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں:
نواز شریف نے برطانیہ میں قیام کی زیر التوا اپیل واپس لے لی، یورپ روانہ
پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران ملکی سیاسی صورتحال، حقیقی آزادی مارچ کے راولپنڈی مرحلے و دیگر معاملات پر گفتگو کی گئی جبکہ ملکی معاشی بحران اور صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کی صدارت میں سنیئرلیڈرشپ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اسد عمر اور میں نے لانگ مارچ کے حوالے سے تجزیہ پیش کیا، روات میں مارچ پرامن طریقے سے اختتام ہوا ہے۔ ہمارے مارچ میں کسی جگہ بازاروں کو بند نہیں کیا گیا، ہمارا لانگ مارچ پرامن رہا، وزیرآباد میں عمران خان پر قاتلانہ حملہ ہوا ہے۔ ہفتہ 26 نومبرکوعمران خان راولپنڈی جائیں گے، سردی کی وجہ سے 26 نومبر کو لوگوں کو بروقت نکلنا ہو گا۔
دوسری طرف سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ لانگ مارچ کی تیاریاں جاری ہیں، پنڈی مری روڈ پر سب لوگ جمع ہوں گے، تمام تنظیمیوں کے ساتھ رابطے میں ہوں، چاروں اطراف سے قافلے راولپنڈی پہنچیں گے، 25 نومبر کی شام لوگ پہنچنا شروع ہو جائیں گے، پنڈی میں خیمہ بستی بنادی جائے گی، فیصلے کرنے کا حق کسی طاقت نہیں عوام کو ہونا چاہیے، حقیقی آزادی پر یقین رکھنے والے سب حصہ بن جائیں، اعظم سواتی پر تشدد، دہشت گردی ہے، ارشد شریف قتل پر عوام کو بے تحاشا غصہ ہے، عمران خان پرمنصوبہ بندی کر کے قتل کرنے کی کوشش کی گئی، یہ پورے ریاستی نظام کا امتحان ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








