لاہور: پاکستان تحریک انصاف انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف آج ملک گیر احتجاج کرے گی، لاہور سمیت ملک بھر میں مظاہرے ہونگے۔
پی ٹی آئی کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس حکام پی ٹی آئی کے اراکین صوبائی اسمبلی، اراکین قومی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کی رہائش گاہوں پر چھاپے مار رہے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ ان کارروائیوں کا مقصد حالیہ ضمنی انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاجی ریلیوں کو روکنا ہے۔
پی ٹی آئی نے 21 اپریل کو ضمنی انتخابات اور 8 فروری کے عام انتخابات میں دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے ملک گیر مظاہروں کا اعلان کیا تھا۔
چند روز قبل پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے الیکشن کمیشن آف پاکستان پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ الیکشن کمیشن 21 قومی اور صوبائی نشستوں پر ضمنی انتخابات شفاف طریقے سے کرانے میں ناکام رہا ہے۔
گجرات کے حلقہ پی پی 32 میں پولنگ اسٹیشن کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے ضمنی انتخابات کو ایک مذاق قرار یتے ہوئے کہا تھا کہ پارلیمان کو عوامی حمایت کے ساتھ حقیقی عوامی نمائندوں پر مشتمل ہونا چاہیے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی حلقہ پی پی 32 کے ضمنی انتخابات کے نتائج کو تسلیم نہیں کرے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








